عوام کیلئے عید کا تحفہ، پٹرول 10.20 اور ڈیزل 2.33 روپے سستا

اسلام آباد: حکومت کی جانب سے عوام الناس کو عید کا تحفہ دیا گیا ہے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کردی گئی ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے یا کمی کا اعلان ہر ماہ کی 15 اور مہینے کی آخری تاریخ کو ہوتا ہے لیکن اس بار ایک روز قبل ہی قیمتوں میں کمی کردی گئی ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد نئی قیمت 258 روپے 16 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
وزیراعظم آفس نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 267 روپے 89 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب تک پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 35 روپے کا ریلیف عوام کو دیا جاچکا ہے۔
وزیراعظم آفس نے بتایا کہ یکم جون کو حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے کمی کی تھی۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے صنعت اور برآمدات میں بڑے اضافے کے لیے تاریخی اقدام کیا اور صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 10 روپے 69 پیسے فی یونٹ کی کمی کردی۔
صنعت اور برآمدات کے شعبے کے لیے بجلی کی قیمت 34 روپے 99 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی ہے۔

 

Eid GiftGovt of PakistanPetroleum productrate reduce