سندھ میں سیلاب: تعلیمی ادارے مزید دو دن بند رہیں گے

کراچی: صوبے میں سیلابی صورت حال کے پیش نظر سندھ حکومت نے تعلیمی ادارے مزید دو دن بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔
صوبائی محکمہ تعلیم نے بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث صوبہ میں تمام تعلیمی ادارے 26 اور 27 اگست کو بھی بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر تعلیم سردار شاہ نے کہا کہ سندھ کے کئی اضلاع میں اب بھی سیلابی صورت حال ہے اور سندھ کے بیشتر اسکولز اور کالجز زیر آب ہیں جب کہ اسکولز کو سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف کیمپس میں تبدیل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمعہ اور ہفتہ اسکولز بند رہیں گے، تعلیمی اداروں میں بندش کے فیصلے کا اطلاق صوبے بھر کے اسکولز اور کالجز پر ہوگا۔
دھیان رہے کہ اس سے قبل محکمہ تعلیم سندھ نے بارشوں کے پیش نظر سندھ کے تمام اسکولوں اور کالجز میں 24 اور 25 اگست کو بھی عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب جمعہ اور ہفتہ کو جامعہ کراچی اور انٹربورڈ کراچی کے تحت ہونے والے امتحان بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔

CloseCollegesEducation minister sindhFloodFriday and SaturdayHeavy rainSardar ShahSchools openUniversities