اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت وزرائے تعلیم کانفرنس ختم ہوگئی، بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس میں 15 ستمبر کو اسکول کھولنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔
اجلاس میں کے پی کے حکومت نے تعلیمی ادارے یکم ستمبر سے کھولنے کی تجویز دی، تاہم باقی تمام صوبوں نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے اسکولز 15 ستمبر سے ہی کھولنے کی تجویز دی۔ ملک بھر میں یکساں نصاب پر بھی مشاورت کی گئی اور اس کی اصولی منظوری دے دی گئی، صوبے یکساں نصاب سے متعلق اپنی تجاویز سے آگاہ کریں گے۔
دوسری طرف ٹوئٹ کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ پنجاب میں 15 ستمبر کو اسکول کھولنے کی تاریخ عارضی ہے اور یہ کورونا کی صورت حال پر منحصر ہے جب کہ اسکول کھولنے کے حوالے سے کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پرعمل کیا جائے گا۔