سویڈن: دُنیا میں نت نئی ایجادات روز کا معمول ہیں۔ ازخود گھل کر ختم ہونے والی ماحول دوست کاغذی بیٹری تیار کرلی گئی ہے۔ اس سے ماحول پر بیٹریوں کے منفی اثرات اور زہریلے کیمیائی اجزا کم کرنے میں بہت مدد ملے گی۔
اس نئی تخلیق سے کم بجلی خرچ کرنے والے سینسر، اسمارٹ لیبل والی اشیا، ٹریکنگ اور طبی آلات اور دیگر برقی پرزوں کو توانائی فراہم کی جاسکے گی۔ یوں کاغذی بیٹری پانی سے روبہ عمل ہوگی اور خاص وقت میں گھل کر ختم ہوجائے گی۔
سویڈن کی مشہور اپسالا یونیورسٹی کے سائنس داں پروفیسر گستاف نائسٹروئم اور ان کے ساتھیوں کی بیٹری میں ایک مربع سینٹی میٹر پر ایک سیل لگایا ہے۔ اس پر کاغذ پر چھاپی گئی تین روشنائیوں (انک) سے سرکٹ کاڑھا گیا ہے۔ کاغذی پٹی کو سوڈیئم کلورائیڈ میں ڈبویا گیا اور اس کے چھوٹے سروں میں سے ایک کو خاص موم میں ڈبویا گیا ہے۔
روشنائی میں گریفائٹ کا چورا لگایا گیا ہے جو بیٹری کے مثبت برقیرے یا کیتھوڈ کی تشکیل کرتے ہیں۔ دوسری قسم کی انک میں زنک کا سفوف ہے جو بیٹری کا اینوڈ یا منفی سرا بناتا ہے۔
کاغذ کے دونوں جانب سیاہ کاربن لگایا گیا ہے جو مثبت اور منفی برقیروں کے عمل کو ممکن بناتا ہے۔ جب اس کاغذ پر پانی کی معمولی مقدار ڈالی جاتی ہے تو کاغذی بیٹری سے چارج جاری ہونے لگتا ہے اور بیٹری کام کرنے لگتی ہے۔ پھر برقیروں کو کسی بھی آلے سے جوڑ کر اسے بجلی فراہم کی جاسکتی ہے۔
تجربے کے طور پر ماہرین نے اس سے لیکویڈ کرسٹل ڈسپلے اور ایک چھوٹی الارم گھڑی چلا کر دکھائی ہے۔ پانی کے دو مزید قطرے گرانے سے بیٹری اور بہتر ہوگئی اور مزید 20 سیکنڈ تک کام کرتی رہی۔ اس دوران بیٹری سے ایک اعشاریہ دو وولٹ کی ہموار بجلی خارج ہوتی رہی جب کہ ایک عام سیل 1.5 وولٹ بجلی فراہم کرتا ہے، لیکن جب جب کاغذی بیٹری کی بجلی کم ہوئی اس پر مزید پانی ڈالا گیا اور ایک گھنٹے تک بھی بجلی ملتی رہی۔
خاص بات یہ ہے کہ استعمال کے بعد کاغذی بیٹری ازخود گھل کر ختم ہوجاتی ہے۔