لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق لاہور، شیخوپورہ اور چنیوٹ سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.2 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مزکز پاکستان اور بھارت کا سرحدی علاقہ ہے۔
زلزلے میں کسی جانی و مالی نقصان کی تاحال کوئی معلومات نہیں ملی ہیں۔
واضح رہے کہ پچھلے دنوں پاکستان کے صوبے کے پی کے میں بھی اسی قسم کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ زلزلے کے حوالے سے جب بھی کوئی اطلاع سامنے آتی ہے تو وطن عزیز کے عوام شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہوجاتے ہیں، اُن کے ذہن میں 2005 کے قیامت خیز زلزلے کے مناظر گھوم جاتے ہیں، جب زمین شق ہوئی اور لاکھ کے قریب لوگ جاں بحق اور بے شمار بے گھر ہوئے تھے۔