نئی دہلی/ کٹھمنڈو: بھارت اور نیپال میں زلزلے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں، دارالحکومت نئی دہلی اور گرد و نواح میں قریباً 30 سیکنڈ تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی اور اس کے مضافاتی علاقے زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اُٹھے۔ شہری خوف کے باعث گھروں سے چیختے ہوئے نکل آئے اور کھلے میدان میں جمع ہوگئے۔
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز پڑوسی ملک نیپال کے دارالحکومت کٹھمنڈو سے 300 کلومیٹر جب کہ ضلع جملا کے شمال مغرب میں قریباً 63 کلومیٹر کی دوری پر زمین کے اندر 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چھتوں پر لٹکے پنکھے جھول رہے ہیں۔ چند تصاویر میں کھڑکیاں ور دروازے بھی ٹوٹے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں، اس حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔