کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ای چالان صرف کراچی والوں کے لیے ہے، جرمانے کم نہیں کیے جائیں گے۔
ناصر حسین شاہ کا کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ کی میٹنگ تھی، سندھ میں ڈویژنل بورڈ کو ایکٹو کیا جارہا ہے، کراچی میں ہر جگہ پر اس کو بہتر کیا جائے گا، گھروں سے کچرا اٹھانے کا سلسلہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ایسے بیانات دے کر خود کو مضبوط کررہی ہے، میں نے ایم کیو ایم، جماعت اسلامی سب سے رابطہ کیا ہے، وہ شوشے چھوڑتے رہے ہیں، ایم کیو ایم نے نئے صوبے کا بھی شوشا چھوڑا تھا، اگر گرمی ہوتی تو ہم ان کو ٹھنڈا شربت پلاتے، ان کو ایسی باتیں کرنے دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ای چالان صرف کراچی والوں کیلئے ہے، جرمانے کم نہیں کیے جائیں گے، کراچی کو بہتر کرنے کے لیے ہم سب کو مل کر چلنا چاہیے۔
ناصر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ کو بااختیار کیا جارہا ہے، ایم کیو ایم نے بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار کیوں اختیار کی، پی ٹی آئی نے پنجاب میں بلدیاتی نظام ہی ختم کردیا تھا۔
دھیان رہے کہ گزشتہ دنوں خبر سامنے آئی تھی کہ عوامی مطالبے کے پیش نظر سندھ میں ای چالان کے مختلف جرمانوں کی رقم میں کمی کرنے یا نہ کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔