ایک دن میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز کا نیا ریکارڈ!

ایک دن میں دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آنے کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دنیا بھر میں کورونا کے 3 لاکھ 7 ہزار 930 نئےکیسز سامنے آئے ہیں جو وبا کے آغاز سے اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ دوسری بار ہوا کہ ایک ہی دن میں عالمی سطح پر کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ کی حد عبور کرگئی، اس سے قبل 6 ستمبر کو 3 لاکھ 6 ہزار 857 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز 94 ہزار 372رپورٹ ہوئے جب کہ امریکا میں 45 ہزار 523 اور برازیل میں 43 ہزار 718 کیسز سامنے آئے ہیں۔
دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 2 کروڑ 92 لاکھ سے زائد ہوچکی جب کہ 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے باعث 5 ہزار 537 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جب کہ دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 9 لاکھ 28 ہزار 830 ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں امریکا کا پہلا، بھارت کا دوسرا اور برازیل کا تیسرا نمبر ہے۔
امریکا میں 67 لاکھ سے زائد کیسز اور ایک لاکھ 98 ہزار 520 اموات ہوچکی ہیں، بھارت میں 48 لاکھ 46 ہزار سے زائد کیسز اور 79 ہزار سے ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جب کہ برازیل میں 43 لاکھ سے زائد کیسز اور ایک لاکھ 31 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔

Covid 19Record cases