بھارت پروپیگنڈے میں مصروف، دنیا اسکی سازشوں کا نوٹس لے، شاہ محمود

اسلام آباد: شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی کرونیکلز کی رپورٹ نے بھارتی پروپیگنڈے کے جال سے پردہ اٹھایا اور انڈیا پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار میں ملوث ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے میں مصروف ہے، بھارتی کرونیکلز کی رپورٹ نے بھارتی پروپیگنڈے کے جال سے پردہ اٹھایا، بین الاقوامی سطح پر بھارت پروپیگنڈے کے ذریعے اپنی ناکامیوں کو چھپارہا ہے، بھارت پاکستان کے تشخص کو متاثر کرنے کی ناکام کوششوں میں 15 سال سے سرگرم ہے، ای یو ڈس انفولیب کی تحقیقات کے بعد یہ حقائق سامنے آئے ہیں، بھارت نے یورپی یونین کے نام سے جعلی آن لائن میگزین ویب سائٹ بنایا اوراس کی فنڈنگ کی، بھارت جھوٹی خبروں کی ویب سائٹس استعمال کرتا رہا اور کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار میں ملوث ہے، بھارت کشمیر کی حق خودارادیت کی تحریک کودہشت گردی کا رنگ دے رہا ہے، بھارت جعلی تھنک ٹینک اوراین جی اوکے ذریعے پروپیگنڈا مہم چلاتا رہا، بھارت نے اپنی ہی نیوز ایجنسی کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا، یورپی پارلیمنٹ کا مقبوضہ کشمیرکا دورہ ہوا، کس نے کرایا؟ کس نے فنڈ کیا؟ دورے کا مقصد بھارت کے 5 اگست کے اقدام کو درست قرار دینا تھا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم دنیا سے بھارتی سازشوں کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں، بھارت نے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کے لیے ہرقسم کے وسائل کا استعمال کیا، پاکستان بھارتی سازشوں سے دنیا کو آگاہ کررہا ہے، دنیا کو بتادیا کہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی مالی معاونت کرتا ہے، امن کے لیے کیے گئے اقدامات کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے، بھارت نے جن اداروں کو پاکستان کے خلاف استعمال کیا، ان کو آگاہ کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جعلی لیٹر ہیڈ کا استعمال کیا، ہم آج بھی یورپی پارلیمنٹ سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، بھارت نے منظم منصوبے سے فوت شدہ افراد کا نام پاکستان کے خلاف استعمال کیا، پاکستان جو ہمیشہ سے کہہ رہا تھا، تیسرے فریق نے بھی تصدیق کردی۔
پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی امور ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ این جی اوز کا نام لے کر پاکستان کے خلاف تقریریں کرائی گئیں، معلوم ہوا فیک ایکٹویٹی یورپ میں نہیں انڈیا میں ہورہی ہے، آج تیسرا ادارہ بتارہا ہے بھارت کیا کررہا ہے، آج سے پہلے اس طرح کا جال ہماری نظروں سے نہیں گزرا، بی بی سی کی تصاویر لے کر پاکستان کے خلاف مہم چلائی گئی۔
ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ بھارت نے پروپیگنڈے کے لیے یو این کو استعمال کیا، بھارت نے یورپی پارلیمنٹ کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا، بھارت نے دنیا بھرمیں 750 سے زائد جعلی ادارے بنائے۔
ڈاکٹرمعید یوسف نے کہا کہ دسمبر 2019 میں بھی اسی قسم کا انکشاف ہوا تھا، جعلی ویب سائٹس اور نیوز کا سرور بھارت سے آپریٹ ہو رہا تھا، یورپی پارلمینٹرین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی گئی، یو این کو بھی استعمال کیا گیا، دس این جی اوز کو ہیومن رائٹس کونسل سے منسلک کروایا گیا، اس پورے عمل میں بین الاقوامی قوانین توڑے گئے، پاکستان افغانستان میں امن کے لیے سہولت کار رہا ہے، بھارت ایک مافیا بن چکا اور مافیا کی طرح پاکستان کے خلاف مہم چلا ہا ہے۔
ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ کچھ پاکستانی بھی ان کے ایوینٹس میں شرکت کرتے رہے، پاکستان میں انتشار پھیلانے کے لیے جی بی، بلوچستان کا ایشو ان جعلی نیٹ ورک سے اٹھایا جاتا ہے۔ دنیا میں ہر جگہ اپنا مدعا بیان کرتے رہیں گے۔ ہم دنیا سے امن اور معیشت کی بہتری کے لیے تعلقات بڑھا رہے ہیں۔

foreign ministerIndiaPakistanShah Mahmood Qureshi