دبئی: متحدہ عرب امارات میں منرل واٹر کے ایک برانڈ کی جانب سے خریداروں کو یقینی انعام کے تحت ہر ہفتے خطیر رقم دی جارہی ہے۔ اگرچہ ایک بھارتی شخص نے اس ہفتے 10 لاکھ درہم جیتے ہیں لیکن سب سے بڑی رقم 2 کروڑ درہم جیتنے والا اب تک سامنے نہیں آیا ہے۔
اس منرل واٹر کا نام محظوظ ہے اور اس کا دعویٰ ہے کہ وہ ہر ہفتے ایمان داری سے کروڑوں درہم کی رقم اپنے صارفین میں تقسیم کررہی ہے۔
اس ضمن میں قرعہ اندازی میں سامنے آنے والے 5 نمبروں میں سے زیادہ سے زیادہ نمبر یکساں ہونے کی صورت میں انعام دیا جاتا ہے۔ ایک بھارتی شخص محمد اعجاز نے دس لاکھ درہم یعنی ساڑھے سات کروڑ روپے جیتے ہیں، تاہم 42 شرکا کے پہلے چار نمبر یکساں پائے گئے اور ان میں دو لاکھ درہم کی رقم برابر تقسیم کی گئی جو 4762 روپے فی کس تھی۔ پھر پانچ میں سے تین نمبر یکساں لانے والے 1360 افراد میں 250 درہم کی رقم دی گئی۔
لیکن اس قرعہ اندازی کی سب سے بڑی رقم دو کروڑ درہم تھی جس کا کوئی بھی دعویدار سامنے نہیں آیا ہے۔ محظوظ منرل واٹر کی قیمت 35 درہم ہے۔ اس کمپنی کا دعویٰ ہے کہ وہ لوگوں کی مدد کرکے انہیں لکھ پتی بنانا چاہتی ہے۔