دعا زہرا اور اس کا شوہر ظہیر کراچی منتقل

کراچی: کافی دنوں کی آنکھ مچولی کے بعد چشتیاں سے حراست میں لی گئی دعا زہرا اور اس کے شوہر ظہیر کو کراچی منتقل کر دیا گیا جب کہ دعا کو آج ہی عدالت میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دعا زہرا کو ویمن پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے جب کہ اس کا شوہر ظہیر اے وی سی سی کی حفاظتی تحویل میں ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دعا زہرا اور اس کے شوہر کو صبح عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
دعا زہرا کے والدین بھی بیٹی کی ممکنہ پیشی کے پیش نظر عدالت پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب حکومت سندھ نے بھی دعا زہرا کو آج ہی عدالت میں پیش کرنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔
اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ کا کہنا ہے کہ دعا زہرا کو پیش کرکے بیان ریکارڈ کرانا چاہتے ہیں، عدالت دعا زہرا کو آج ہی پیش کرنے کی اجازت دے۔
خیال رہے کہ اپریل میں کراچی سے لاپتا ہونے والی دعا زہرا کو تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد گزشتہ روز چشتیاں سے بازیاب کروایا گیا تھا، دعا زہرا اور اس کے شوہر ظہیر کو لاہور کی سی آئی اے پولیس نے ایک وکیل کے گھر سے حراست میں لیا تھا۔
سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرا کو بازیاب کروا کے 10 جون کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

#DuazehraCourtParentsZaheer