کراچی: عدالتی حکم پر پولیس کی خصوصی ٹیم میڈیکل کرانے کے لیے دعا زہرا کو کراچی لے آئی۔
پولیس کے مطابق خصوصی ٹیم دعا زہرا کو لے کر لاہور سے کراچی پہنچی جہاں اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے دعا کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس نے دعا زہرا کو سروسز اسپتال میں میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کیا جہاں دعا کے ایکسرے اور مختلف ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد پولیس دعا کو لے کر ڈاؤ ڈینٹل اسپتال روانہ ہوگئی جہاں اس کے دانتوں کا معائنہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈینٹل اسپتال سے دعا زہرا کو دوبارہ سروسز اسپتال لایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق دعا زہرا کے ٹیسٹ کی رپورٹس تین سے چار روز میں آئیں گی۔
میڈیکل بورڈ نے دعا زہرا کی والدہ کو طلب کیا جس پر وہ بورڈ کے سامنے پیش ہوگئیں جہاں بورڈ ارکان نے ان سے دعا کی زندگی سے متعلق سوالات کیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل بورڈ نے دعا زہرا کے والد اور وکیل کو بھی طلب کیا ہے۔
خیال رہے کہ کراچی کی مقامی عدالت نے 25 جون کو جاری کیے جانے والے فیصلے میں دعا زہرا کے میڈیکل کے لیے بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد پولیس ٹیم دعا کو لینے لاہور پہنچی تھی۔
قبل ازیں سندھ ہائی کورٹ نے دعا زہرا کو اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کا فیصلہ دیا تھا۔