گوادر: کوسٹ گارڈز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے گوادر سے 11 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔
کوسٹ گارڈز کے ترجمان کے مطابق گوادر میں دران کے قریب دو مشکوک گاڑیوں کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزمان نے گاڑیوں کی رفتار تیز کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، پیچھا کرنے پر ملزمان گاڑیاں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق گاڑیوں کی تلاشی لینے پر ان میں سے 1650 کلو حشیش اور 69 کلو اعلیٰ کوالٹی کی آئس برآمد کی۔
ترجمان کوسٹ گارڈز نے بتایا کہ منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت قریباً 11 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے لگ بھگ ہے، خدشہ ہے کہ منشیات سمندر کے راستے بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی۔