دبئی ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملہ، ٹینکر کو آگ لگ گئی

دبئی: دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث ایئرپورٹ پر ہنگامی صورت حال پیدا ہوگئی اور پروازوں کی لینڈنگ عارضی طور پر معطل کر دی گئی۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق ڈرون سے متعلق واقعے کے بعد ایئرپورٹ کے اطراف میں ایک ٹینکر کو آگ لگ گئی جس پر فوری طور پر ایمرجنسی اداروں نے قابو پانے کے لیے کارروائی شروع کر دی۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کا عمل جاری ہے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق واقعے میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم احتیاطی تدابیر کے تحت ایئرپورٹ پر آنے والی پروازوں کی لینڈنگ عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔
دبئی آنے والی پروازوں کو اس وقت ایئرپورٹ سے دور فضا میں ہولڈنگ پیٹرن میں رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب سعودی اسٹیٹ ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک گھنٹے کے دوران 34 ڈرون مار گرائے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے اور جلد فضائی آپریشن بحال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔