اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے جان بچانے والی ادویہ کی قیمتوں میں اضافے کے متعلق کہا ہے کہ مارکیٹ سے غائب ہونے والی دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ جن دواؤں کا ذکر ہورہا ہے سستی لائف سیونگ اور پرانے فارمولے پر ہیں، دوائیں قیمتوں میں مناسب تبدیلی نہ انے کی وجہ سے مارکیٹ سے غائب ہوجاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں ناپید ادویہ کو تھوڑے سے اضافے کی ضرورت تھی۔ قیمتوں میں مناسب اضافہ نہ ہونے کے باعث یہ دوائیں دستیاب نہیں ہوتیں۔ غائب ہونے والی دوائیں بلیک میں ملنے لگتی ہیں۔ وہ ادویہ جو لوگوں کو مہنگی مل رہی تھیں، اب دستیاب ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور ڈریپ کا کام دواؤں کی دستیابی کو یقینی بنانا بھی ہے۔ ہم نے ادویہ کی قیمتیں اتنی بڑھائی ہیں کہ لوگوں تک پہنچ سکیں۔ ہم دوا ساز کمپنیوں کے دباؤ میں نہیں آئے۔ ایک نئی پرائسنگ پالیسی پر کام کررہے ہیں۔ دواؤں کی قیمتوں کی لسٹ ویب سائٹ پر لگائی جائے گی۔ تمام صحت کے اداروں میں اصلاحات لائی جارہی ہیں۔