کراچی: فخر پاکستان اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا آخری خط منظر عام پر آگیا۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان مرحوم نے اپنی زندگی کا آخری خط وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو 4 اکتوبر کو لکھا۔
خط کے متن کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے وزیراعلیٰ سندھ کے بھیجے جانے والے پھولوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ الحمدللہ میری طبیعت اب بہتر ہے۔
ڈاکٹرعبدالقدیر کا خط میں کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے میرے صوبے کے وزیراعلیٰ نے مجھے یاد رکھا۔
خط میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں وزیراعلیٰ سندھ نے یاد رکھا میں ممنون ہوں۔
خیال رہے کہ اتوار کو علی الصبح محسن پاکستان اور نامور ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان 85 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو سرکاری اعزاز کے ساتھ اسلام آباد کے ایچ 8 قبرستان میں سپردخاک کیا گیا جب کہ ان کی نماز جنازہ میں سیاسی و عسکری قیادت سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔