واشنگٹن: امریکی سینیٹ نے سابق صدر ٹرمپ کے مواخذے کی منظوری دے دی۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی سینیٹ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی منظوری دے دی، مواخذے کی کارروائی کے حق میں 56 سینیٹرز نے ووٹ دیا، 44 ارکان نے مواخذے کی مخالفت کی جب کہ ری پبلکن پارٹی کے 6 ارکان نے بھی مواخذے کی کارروائی کے حق میں ووٹ دیا۔
سابق صدر ٹرمپ مواخذے کی کارروائی کے لیے سینیٹ میں کیپٹل ہل مظاہرے پر ٹرائل کا سامنا کریں گے۔ ٹرمپ امریکی تاریخ کے پہلے صدر ہیں جن کا دو بار مواخذہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ ٹرمپ کے حامیوں نے اس وقت امریکی پارلیمنٹ کیپٹل ہل پر دھاوا بولا تھا جب جوبائیڈن کو ملنے والے الیکٹورل ووٹس کی توثیق کی جارہی تھی جب کہ واقعے کے بعد ٹرمپ کے مخالفین نے انہیں عہدے سے ہٹانے کے لیے مواخذے کی کارروائی شروع کرنے سے پہلے کابینہ سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔