بحیرۂ عرب میں گوادر کے قریب ڈولفنز کے حسین نظارے نے دل جیت لیے

گوادر: بحیرۂ عرب کے نیلگوں پانیوں میں ایک دلکش منظر نے سب کو اپنے سحر میں مبتلا کرلیا، جب گوادر کے قریب ماہی گیروں نے ڈولفنز کے ایک خوبصورت اور چنچل گروہ کو اپنی کشتی کے ساتھ تیرتے اور کھیلتے دیکھا۔ ماہی گیروں نے اس نایاب اور دل موہ لینے والے لمحے کو فوراً اپنے موبائل فون کے کیمرے میں محفوظ کرلیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
ویڈیو میں واضح دکھائی دیتا ہے کہ ڈولفنز کا بڑا جھنڈ کشتی کے عین ساتھ تیررہا ہے۔ کبھی وہ لہروں میں غوطہ لگاتیں، کبھی پانی کے اوپر چھلانگ لگا کر خوبصورت انداز میں اپنی موجودگی کا احساس دلاتی رہیں۔ ماہی گیر اس منظر پر خوشی سے نعرے لگاتے اور ڈولفنز کے قریب آنے پر حیرت اور مسرت کا اظہار کرتے بھی سنائی دیتے ہیں۔
مقامی ماہی گیروں کے مطابق اس طرح کے مناظر تو کبھی کبھار دیکھنے کو ملتے ہیں، لیکن اتنی بڑی تعداد میں ڈولفنز کا کشتی کے ساتھ کھیلنا نہایت کم ہوتا ہے۔ بعض ماہرین کے مطابق ڈولفنز کی یہ سرگرمی اس بات کی علامت ہے کہ گوادر کے ساحلی علاقوں میں سمندری حیات اب بھی محفوظ ہے اور پانی کی گہرائیوں میں جاندار ماحول موجود ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو کو بے حد پسند کیا اور کمنٹس میں پاکستانی ساحلی خوبصورتی کی تعریف کی۔ بہت سے صارفین نے لکھا کہ ایسے مناظر نہ صرف دل کو خوش کرتے، بلکہ اس بات کی یاد دہانی بھی کراتے ہیں کہ ہماری سمندری حیات کتنی قیمتی اور دلکش ہے۔ کچھ لوگوں نے مقامی حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ سمندری ماحول کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں تاکہ ان نادر اور خوبصورت جانداروں کی نسل محفوظ رہ سکے۔
یہ ویڈیو گوادر کی قدرتی خوبصورتی اور سمندری تنوع کی ایک تازہ جھلک ہے، جو ہر دیکھنے والے کو اپنی طرف متوجہ کررہی ہے۔

DolphinsGwaderVideo Viral