ڈالرز قلت کے باعث فوڈ پروڈکٹ کی درآمدات بند کرنے کا اعلان

کراچی: زرمبادلہ نہ ملنے کے مسائل کے باعث کمرشل امپورٹرز نے 25 جون کے بعد کھانے پینے کی تمام مصنوعات کی امپورٹ بند کرنے کا اعلان کردیا۔
کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری فرحت صدیق نے اپنے ارکان کے نام اعلان میں بتایا کہ تمام بینک امپورٹرز کو ڈالر دینے سے انکاری ہیں، اس لیے ایسوسی ایشن کی ایک اہم میٹنگ میں تمام امپورٹرز اور انڈینٹر نے شرکت کی۔
میٹنگ میں تفصیلی مباحثے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ تمام امپورٹر اپنے انڈینٹر کو بتادیں کہ 25 جون کے بعد کوئی شپمنٹ روانہ نہ کی جائے، اس وقت جو مال پورٹ پر پہنچ چکا یا راستے میں ہے، امپورٹرز اس کی کلیئرنس کے ذمے دار ہیں، 25 جون کے بعد اگر کوئی بھی شپمنٹ کرائی گئی تو اس کی کلیئرنس کی ذمے داری امپورٹرز پر نہیں ہوگی۔
امپورٹرز کا کہنا ہے کہ اس وقت زرمبادلہ کے مسائل کی وجہ سے ہزاروں کنیٹنرز پورٹس پر پھنسے ہیں، ان پر جرمانہ اور چارجز پڑرہے ہیں، اسٹیٹ بینک ان کے لیے زرمبادلہ فراہم نہیں کررہا، اگر یہ صورت حال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں کھانے پینے کی اشیاء کا بحران پیدا ہوجائے گا، اسٹیٹ بینک کی پالیسی سے کاروبار، معیشت اور ملک کو بے تحاشا نقصان ہورہا ہے۔

 

announcementDollar shortageFood ProductimportStop