کراچی: پاکستان میں تسلسل کے ساتھ امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کو بریک لگ گیا جب کہ اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی ریکارڈ کی گئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 20 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی اور قیمت 168 روپے 72 پیسے سے کم ہو کر 168 روپے 52 پیسے ہوگئی۔
دوسری طرف پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس پوائنٹس 519.36 پوائنٹس کم ہوکر 46008.85 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.12 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جب کہ 13 کروڑ 24 لاکھ 25 ہزار 826 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 90 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔
دوسری طرف ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 100روپے کا اضافہ ہوا ہے اور نئی قیمت 1 لاکھ 13 ہزار روپے ہوگئی۔
10 گرام سونے کی قیمت 86 روپے اضافے سے 96ہزار 880 روپے ہے۔
صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قدر 7 ڈالر اضافے سے 1765 ڈالر فی اونس ہے۔