کراچی: ڈالر کے پر کترے نہ جاسکے، اسی لیے وہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انٹربینک مارکیٹ میں نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
پچھلے کچھ دنوں سے تسلسل کے ساتھ ڈالر کی اونچی اُڑان اور روپے کی بے قدری جاری ہے، منگل کو کاروبار کے آغاز پر بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کی وجہ سے امریکی ڈالر 3.24 روپے اضافے سے 213.20 روپے کا ہوگیا۔
گزشتہ روز، انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1روپے 22پیسے کے اضافے سے 209روپے 50 پیسے کی نئی بلند ترین سطح پر بند ہوئی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی روپیہ کی قدر کا دارومدار آئی ایم ایف پروگرام کے گرد گھومتا جارہا ہے، حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی ختم کرنے سمیت دیگر سخت اقدامات کے باوجود آئی ایم ایف قرض پروگرام کے معاہدے پر رضامند نہیں بلکہ پٹرول پر لیوی اور سیلز ٹیکس بھی عائد کرنے کا مطالبہ کررہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس سے پروگرام میں شمولیت کا عمل طول اختیار کررہا ہے اور مالیاتی بحران خطرناک حد تک بڑھنے سے بے یقینی ماحول سے ڈالر کی بلند پرواز جاری ہے۔