روپیہ مزید بے توقیر، امریکی ڈالر 173.53 روپے پر پہنچ گیا

کراچی: پاکستانی روپے کی بے توقیری انتہائی حدوں کو چھو چکی ہے، روپے کی قدر میں تاریخی گراوٹ کا سلسلہ جاری ہے اور امریکی ڈالر انٹر بینک میں 173.53 روپے تک پہنچ گیا ہے۔
پیر کو انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر 173 روپے سے تجاوز کرگئی تھی، تاہم اس کے بعد اس گراوٹ میں قدرے کمی ہوئی تھی، بدھ کو انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوا اور ایک امریکی ڈالر 76 پیسے اضافے کے بعد 173 روپے 53 پیسے پر جاپہنچا۔ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 175 روپے میں خریدا جارہا ہے جب کہ متعدد ایکسچینج کمپنیوں نے ڈالر کی فروخت ہی روک دی ہے۔
ڈالر کی قدر کے حوالے سے سیکریٹری جنرل ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ ملک کے اقتصادی حالات اور ترسیلاتِ زر کی آمد کے ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہیں، زرِمبادلہ ذخائر اور ترسیلات میں بہتری کے باعث ڈالر کی قدر 150 سے 155 تک ہونی چاہیے، آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل میں تاخیر کی اطلاعات سے درآمدکنندگان کی ڈالر ڈیمانڈ بڑھ گئی، آئی ایم ایف کے سخت مطالبات سے محسوس ہوتا ہے کہ روپے کو بے قدر کیا جائے گا۔

Dollar rate increasePakistan