ڈالر کی اونچی اُڑان، 171 کی حد بھی عبور کرگیا

کراچی: ڈالر کی اونچی اُڑان کا سلسلہ رُک نہیں سکا ہے، روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 171 روپے کی حد بھی عبور کرگیا جب کہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 53.73 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا کہ ڈالر ہورڈنگ میں ملوث 88 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جب کہ 47 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی خریدو فروخت کرنے والی 5 بڑی کمپنیوں کے آڈٹ کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت داخلہ کے ماتحت ادارے ایف آئی اے کی طرف سے جاری کارروائیوں کے باوجود ملک بھر میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 30 پیسے مہنگا ہوگیا اور قیمت 170 روپے 74 پیسے سے بڑھ کر 171.04 روپے ہوگئی۔
دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں ڈالر 171 روپے 60 پیسے میں فروخت ہورہا ہے۔
اُدھر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 53.73 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 43883.08 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.12 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جب کہ 18 کروڑ 86 لاکھ 47 ہزار 708 شیئرز کا لین دین ہوا۔

Dollar rate increasePakistan rupees