کراچی: عالمی مالیاتی ادارے سے قرض پروگرام کی رقم ملنے کے باوجود انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
جمعہ کو ٹریڈنگ کے آغاز میں انٹربینک میں ڈالر 40 پیسے مہنگا ہوکر 219 روپے کا ہوگیا۔ انٹربینک میں ڈالر 38 پیسے مہنگا ہوکر 218.98 روپے پر بند ہوا۔
اوپن کرنسی مارکیٹ میں آج ڈالر کی قدر میں زیادہ بڑا اضافہ ہوا اور کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے مہنگا ہوکر 223 روپے پربند ہوا۔
اس سے قبل انٹربینک میں امریکی ڈالر کی قیمت 3 دن میں سوا 4 روپے نیچے آئی تھی۔ جمعرات کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے مہنگا ہوکر 220 روپے کا ہوگیا تھا جب کہ انٹربینک مارکيٹ میں ڈالر 15 پیسے سستا ہوکر 218.60 روپے پر بند ہوا تھا۔
کرنسی ڈیلرز نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام بحال ہونے سے روپیہ تگڑا اور ڈالر کمزور ہوگا، تاہم ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ اگست میں درآمدات اور تجارتی خسارہ بڑھنے سے روپے پر دباؤ آیا۔