ڈالر کو پھر پر لگ گئے، قیمت میں مسلسل اضافہ

کراچی: ڈالر کی قیمت کو پھر پر لگ گئے، مسلسل اضافہ ہونے لگا، انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے 30 پیسے اضافے کے بعد ڈالر کی قیمت 171.63 روپے سے بڑھ کر 172.93 روپے پر پہنچ گئی۔
انٹربینک کے بعد اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی پاکستانی روپیہ دباؤ کا شکار نظر آیا اور ڈالر مزید 20 پیسے کے اضافے سے 174.70 روپے کا ہوگیا۔ منگل کو بھی انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 1.12 روپے اور اوپن مارکیٹ میں 1.50 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
بیرونی ادائیگیوں کا بوجھ بڑھنے کے باعث گزشتہ ماہ ڈالر کی قدر میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور 26 اکتوبر کو اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 176.20 روپے کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی جب کہ انٹربینک میں بھی ڈالر 175.30 روپے ہوگیا تھا۔
سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے معاشی مشکلات پر قابو پانے کے لیے 4.2 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کی منظوری کے بعد پاکستانی روپے پر دباوٗ کم ہوا اور ڈالر تدریجاً کم ہوتے ہوئے 3 نومبر کو انٹر بینک میں 169.75روپے جب کہ اوپن مارکیٹ میں 170.70روپے کی سطح پر آگیا، لیکن 4 نومبر کو پھر سے ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

فوریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان کے مطابق اگر آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی منظوری مل جاتی ہے تو ڈالر کی قدر دوبارہ گرجائے گی۔ معاشی ماہرین کے مطابق سعودی قرض پیکج کے بعد پاکستان کابیرونی ادائیگیوں کا زیادہ دباوٗ کم ہوگیا ہے لیکن آئی ایم ایف کا پروگرام پھر بھی ضروری ہے۔

DollarInterbankOpen MarketRate increase