کراچی: امریکی ڈالر کے نرخ میں بدھ کو بڑی گراوٹ دیکھنے میں آئی۔ انٹر بینک میں امریکی ڈالر کو ریورس گیئر لگ گیا جس کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر خاصی بہتر ہوئی ہے۔
بدھ کو کاروبار کے آغاز پر امریکی ڈالر کے سامنے روپے کی قدر میں بہتری دیکھنے میں آئی اور ڈالر مسلسل نیچے آتا رہا۔
انٹربینک میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں 11 روپے 38 پیسے کی کمی ہوگئی اور انٹربینک میں ایک ڈالر 227 روپے پر آگیا۔
انٹربینک میں کاروبار کے اختتام تک ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر 9 روپے 58 پیسے کمی آئی جس سے ڈالر 228 روپے 80 پیسے پر بند ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق بدھ کے روز ڈالر کی قد میں 4.19 فیصد کمی واقع ہوئی۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں تیزی سے کمی ہوئی اور روپیہ تگڑا ہوگیا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 14 روپے 50 پیسے سستا ہوکر 226 روپے کا ہوگیا۔
چند روز سے انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی جارہی ہے اور گزشتہ روز انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 46 پیسے کم ہوکر 238 روپے 38 پیسے رہا تھا۔
اس سے قبل انٹربینک میں ڈالر کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری تھا اور گزشتہ کاروباری ہفتے ایک موقع پر ڈالر کی قیمت 250 روپے کی حد کو چھو گئی تھی۔