ڈالر اور سونے کی قیمتیں برقرار!

کراچی: رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز ڈالر اور سونے کی قیمتیں برقرار رہیں، درآمدی شعبوں کی محدود ڈیمانڈ سے پیر کو انٹربینک میں اتار چڑھاؤ کے باوجود ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم رہی، اسی طرح سونے کے مقامی بھاؤ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق پیر کو کاروباری دورانیے میں ڈالر کے انٹربینک ریٹ ایک موقع پر 176.74 روپے کی سطح تک پہنچ گئے تھے تاہم کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1 پیسے کے اضافے سے 176.68 روپے پر بند ہوئی۔
اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 179.50 روپے کی سطح پر بند ہوئی۔

دریں اثنا بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت دو ڈالر کے اضافے سے 1800 ڈالر کی سطح پر پہنچنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو بھی فی تولہ اور فی 10 گرام سونے کی قیمتیں بغیر کسی تبدیلی کے مستحکم رہیں۔
نتیجے میں ملک کے مختلف شہروں میں فی تولہ سونے کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 126200 روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 108196روپے پر مستحکم رہی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1450 اور دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1243.14 روپے پر مستحکم رہی۔

DollarGoldPakistanrate