پاکستانی ثقافت کے برخلاف لباس پہننا پسند نہیں کرتی، سُنیتا مارشل

کراچی: پاکستانی ڈراموں کی مقبول اداکارہ سنیتا مارشل نے کہا ہے کہ نامناسب اور ایسے لباس نہیں پہنتی جو پاکستانی ثقافت کے برخلاف ہوں۔
حال ہی میں ایک ویب شو میں انہوں نے پاکستان شوبز انڈسٹری میں پائے جانے والے نئے ٹرینڈز اور نئی اداکاراؤں کی انٹری سے متعلق گفتگو کی۔
بات چیت کے دوران اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے، سوشل میڈیا پر مقبولیت کو اہم تصور کرنے جیسی باتوں نے مسائل پیدا کردیے ہیں، فالوورز بڑھانے کی دھن میں ہماری نئی نسل ایک متعین کردہ حدود کو پھلانگنے سے بھی نہیں ڈرتی جو غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ پاکستان میں رہ رہے ہیں، یہ مسلم ملک ہے اور یہاں کا ایک کلچر ہے جب کہ میں مسلمان نہیں لیکن میں نامناسب لباس پہننا پسند نہیں کرتی۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ جب میں نے چھوٹی عمر میں ماڈلنگ سے آغاز کیا تو مجھے کچھ ایسے پروجیکٹس کی بھی پیشکش کی گئی جس میں منی اسکرٹس پہننے کا کہا گیا لیکن میں نے صاف انکار کردیا، میرا ماننا ہے کہ میری کچھ حدود ہیں جنہیں میں نہیں پھلانگ سکتی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب جو نئی لڑکیاں آتی ہیں وہ خوف زدہ ہوتی ہیں کہ اگر انہوں نے ایسا لباس نہیں پہنا تو انہیں کام نہیں دیا جائے گا، لیکن میں ایسی لڑکیوں کو ہمیشہ یہی کہتی ہوں آپ کو خود پر بھروسا ہونا چاہیے، اگر آپ کو خود پر یقین ہے اور آپ کسی لباس کو پہننے کے حوالے سے اچھا محسوس نہیں کرتیں تو آپ کہہ سکتی ہو۔

ActressInterviewSunita Marshall