راولپنڈی: ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب خودکُش دھماکے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی آئی خان ڈسٹرکٹ میں گاڑی میں سوار خودکُش حملہ آور نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب خود کو دھماکے سے اڑالیا۔ خودکُش حملے میں 38 سالہ نائب صوبیدار یاسر شکیل اور 34 سالہ سپاہی طاہر نوید شہید ہوگئے۔ یاسر شکیل اور طاہر نوید کا تعلق کوہاٹ سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کررہی ہیں۔ اس بزدلانہ حملے کے ذمے داروں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔