کراچی: گلوکار عاصم اظہر پر سوشل میڈیا پر ان کے مقبول گانے ’’جو تو نہ ملا‘‘ کے لیے دھن چوری کرنے کا الزام لگایا جارہا ہے۔
عاصم اظہر کے 2018 میں ریلیز ہونے والے گانے ’’جو تو نہ ملا‘‘ نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی تھی اور پاکستان کے ساتھ بھارت میں بھی اس گانے کی بے حد تعریف کی گئی تھی۔ بھارتی موسیقاروں نے عاصم اظہر کو اتنا خوبصورت گانا گانے پر خوب سراہا تھا، یا یوں کہہ لیں کہ اس گانے نے اُن کی شہرت کو نئی اونچائیوں پر پہنچادیا تھا۔
یہ گانا آج بھی بے حد مقبول ہے اور یوٹیوب پر اس کو اب تک 17 کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے جو اپنے آپ میں ایک ریکارڈ ہے۔ تاہم یہ گانا اپنی ریلیز کے دو سال بعد ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیر بحث ہے اور الزام لگایا جارہا ہے کہ عاصم اظہر نے اس گانے کی دھن دراصل ایک جاپانی اینی میٹڈ فلم ’’کیکیز ڈیلیوری سروس‘‘ کے ٹائٹل سونگ سے چوری کی ہے۔
یہ فلم 1989 میں ریلیز ہوئی تھی جسے ہایایو میازاکی نے ڈائریکٹ اور پروڈیوس کیا تھا اور کہانی بھی انہوں نے ہی تحریر کی تھی۔ فلم کی موسیقی جاپانی میوزک کمپوذر جو ہساشی نے ترتیب دی تھی۔