راول پنڈی: پاکستان کے 16 شہروں میں پاک فوج تعینات کردی ہے، صبح 6 بجے سے ہر ضلع میں آرمی کے دستے سول اداروں کی مدد کے لیے پہنچ چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ بحیثیت قوم پہلے سے زیادہ احتیاط اور ذمے داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ اگر کورونا کی موجودہ صورتحال برقرار رہی توانڈسٹری کے لیے مختص آکسیجن بھی صحت کے شعبے کےلیے دی جاسکتی ہے۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پاک فوج نے اس بار بھی انٹرنل سیکیورٹی الاؤنس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کے مطابق وبا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے وفاقی حکومت کے احکامات کے مطابق ملک بھر میں پاکستان آرمی آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کی مدد کیلئے طلب کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت ملک میں کوروناکی تیسری لہر جاری ہے جو پہلی دونوں لہروں سے زیادہ خطرناک ہے، وبا کی شدت اور تیز رفتار پھیلاؤ کی وجہ سے اموات میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔