راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ فوج کو سیاست میں مت گھسیٹیں کیوں کہ کسی قسم کے کوئی بیک ڈور رابطے نہیں ہورہے۔
ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ ہمارا کسی قسم کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی کسی سے کوئی بیک ڈور رابطے ہورہے ہیں لہٰذا فوج کو سیاست میں مت گھسیٹیں، اس قسم کی قیاس آرائیاں بند ہونی چاہئیں اور بغیر تحقیق اس بارے میں بات کرنا کسی کو بھی زیب نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کی، پچھلی پریس کانفرنس میں بہت سے شواہد سامنے رکھے، بھارت دنیا میں بہت حد تک بے نقاب ہو چکا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ کوہ پیما علی سدپارہ قوم کے ہیرو ہیں جو بدقسمتی سے پچھلے 72 گھنٹوں سے لاپتا ہیں، تاہم پاک فوج سرچ آپریشن میں کوئی کمی نہیں آنے دے رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب کو معلوم ہے کورونا سے پوری دنیا متاثر ہوئی تاہم پاکستانی قوم نے کورونا کا کامیابی سے مقابلہ کیا، چین کی فوج نے افواج پاکستان کو ویکسین کا عطیہ دیا اور پاک فوج نے چینی فوج کی عطیہ کردہ ویکسین ہیلتھ ورکرز کو دے دیں کیوں کہ ہیلتھ کیئر ورکرز نے کورونا سے مقابلے میں قوم کی بھرپور مدد کی۔