راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی راولپنڈی آنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی اور اگر وہ پنڈی آئے تو چائے پانی پلائیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا نیوز کانفرنس میں کہنا تھا کہ گزشتہ 10 سال ہر لحاظ سے مشکل ترین سال تھے، ایک دہائی سے سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے اور رواں سال معیشت اور سیکیورٹی کے ساتھ کووڈ 19 جیسے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑا، اس کے ساتھ ہمیں بھارتی اشتعال انگیزیوں کا سامنا ہے، تمام چیلنجز کے باوجود قوم نے متحد ہوکر ان مشکلات کا سامنا کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ بھارت نہیں چاہتا پاکستان پُرامن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو، گزشتہ دہائی سے ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزیاں جاری تھیں، ہم نے بھارت کے مذموم عزائم کی نشان دہی کی اور مقابلہ کیا، دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشن کیے گئے، خطرات اندرونی ہوں یا بیرونی ہمیشہ حقائق کے ذریعے نشان دہی کی اور مقابلہ کیا، دہشت گردی کے خلاف آپریشن سے سیکیورٹی اور امن و امان کی صورت حال میں بہتری آئی، اس وقت پاکستان میں کوئی بھی منظم دہشت گرد تنظیم موجود نہیں۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ آپریشنز کے دوران 72 ہزار سے زائد اسلحہ اور 400 ٹن سے زائد بارود برآمد کیا گیا، 18 ہزار سے زائد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، خودکُش حملوں میں 97 فیصد واضح کمی آئی، جس کے بعد دہشت گردی کے بڑے واقعات میں 45 فیصد کمی آئی، 2013 میں دہشت گردی کا عدد 213 تھا جو اس سال 98 ہے، کراچی میں اغوا برائے تاوان کے واقعات میں 98 اور دہشت گردی میں 95 فیصد کمی آئی اور اس دوران 2 ہزار 683 کلومیٹر پاک افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا 83 فیصد کام کیا جاچکا ہے، باڑ کو لگانے پر فوج نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مشرقی سرحد سے بھارت کی اشتعال انگیزیوں میں اضافہ ہوا اور 2019 میں بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ خلاف ورزیاں کی گئیں، اور 15 سالہ بھارتی مہم میں پاکستان کی ساکھ کو بری طرح متاثر کیا گیا، بھارت کے تمام جعلی اکاؤنٹس کو 3 این جی اوز چلارہے تھے، کشمیر کے محاذ پر بھارتی جارحیت کو چھپایا گیا، بھارت کی دہشت گردی کے ٹھوس ثبوت ڈوزیئر کی صورت دنیا کے سامنے لائے گئے، بھارت کے خلاف ای یو ڈس انفارمیشن لیب کے ذریعے بھی شواہد سامنے آچکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ لانگ مارچ کی راولپنڈی آنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی، اگر مولانا فضل الرحمان راولپنڈی آتے ہیں تو انہیں چائے پانی پلائیں گے، فوج کے خلاف الزامات میں حقیقت پر ردعمل دیا جاتا ہے۔