ڈی جی آئی ایس آئی وفد کے ہمراہ دورے پر افغانستان پہنچ گئے

کابل: آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئے۔
ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ڈی جی آئی ایس آئی کے ساتھ کابل گیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی کابل ایئرپورٹ پر تصویر بھی سامنے آئی، جس میں انہوں نے ہاتھ میں چائے کا کپ پکڑا ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد طالبان کی افغان شوریٰ کی دعوت پر کابل کا دورہ کررہا ہے۔


لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید طالبان قیادت سے پاک افغان سیکیورٹی پر بات چیت کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات، سیکیورٹی سمیت اہم دو طرفہ امور پر بات چیت ہوگی۔
اس دورے کے دوران پاک افغان سرحدی صورت حال، مجموعی سلامتی کے مسئلے پر بات چیت کی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ فساد پیدا کرنے والے اور دہشت گرد تنظیمیں صورت حال کا فائدہ نہ اٹھائیں۔
ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید افغانستان میں متعین پاکستان کے سفیر سے ملاقات بھی کریں گے، جس میں افغانستان سے انخلا اور راہداری کے معاملات پر بات چیت ہوگی۔
غیر ملکی اور بین الاقوامی تنظیموں کے عملے کی پاکستان کے راستے وطن واپسی اور اس حوالے سے زیر التوا درخواستوں کے مسئلے پر بات چیت ہوگی۔ پاکستان کے راستے ٹرانزٹ کے لیے سہولتوں کی فراہمی کی خاطر متعدد ممالک نے درخواست کی ہے۔

delegationDG ISITalibanTour of Afghanistan