پاک چین تعلقات کو سبوتاژ کرنے والی سازشوں کو ناکام بنانے کا عزم رکھتے ہیں، چین

بیجنگ: چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔
چینی ترجمان نے کہا کہ چین انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کو آگے بڑھانے میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا اور بیرون ملک چینی شہریوں کی سرگرمیوں اور اداروں کی سلامتی کی ثابت قدمی کے ساتھ حفاظت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ فریقین چین پاکستان تعلقات کو سبوتاژ کرنے والی تمام سازشوں کو ناکام بنانے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم اور صلاحیت رکھتے ہیں۔
لین جیان نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور پاکستان سدابہار اسٹرٹیجک تعاون کے شراکت دار ہیں، چین اور پاکستان کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کو کمزور کرنے کی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی اور لوگوں کے ذریعہ معاش کو بہتر بنانے کی حمایت جاری رکھے گا اور دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون مضبوطی سے آگے بڑھائے گا، تاکہ دونوں ممالک کے عوام کو فوائد پہنچائے جائیں۔

#Chinese Foreign MinistrychinaCPECPakistan and China RelationsSpokespersonTerrorism