نیویارک: سعودی عرب نے سویڈن میں قرآن پاک کو جلانے کی ناپاک جسارت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے گھناؤنے کام کا کوئی جواز قبول نہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے انسانی حقوق کونسل کے ہنگامی اجلاس سے ورچوئل خطاب میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برداری توہین مذہب کے واقعات کے سدباب کے لیے اپنی بھرپور توانائیاں صرف کرے۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ انتہا پسندوں کی جانب سے قرآن پاک کو نذرآتش کرنا رواداری کی اقدار کے منافی ہے اور یہ نفرت، تعصب اور نسل پرستی کو ہوا دیتا ہے۔ مسلمانوں کی مقدس کتاب کو بار بار جلانا تشویش ناک ہے۔
وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے اقوام متحدہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب مذہبی منافرت کا مقابلہ کرنے کے لیے پیش کردہ قرارداد کے مسودے کی منظوری کا منتظر ہے۔ عالمی برادری اور تنظیموں کو ایسے جارحانہ واقعات کو روکنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
خیال رہے کہ سویڈن میں عیدالاضحیٰ کے روز مرکزی مسجد کے باہر ایک انتہا پسند ملعون نے قرآن پاک کے اوراق کو جلانے کی ناپاک جسارت کی تھی، جس کی عالمی سطح پر شدید الفاظ میں مذمت کی جارہی ہے۔