بھارت کی سیاسی قیادت کو سیز فائر ہضم نہیں ہورہا، اسحاق ڈار

کوالالمپور: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاک بھارت ملٹری ٹو ملٹری سیز فائر ٹھیک چل رہا ہے مگر بھارت کی سیاسی قیادت سے ہضم نہیں ہورہا۔
ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے مشکل معاشی حالات میں ٹیک آف کیا اور اب پاکستان کو جی 20 میں شامل کرنا ہمارا ہدف ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرکے عجیب حرکت کی، بھارت نہ پاکستان کا پانی روک سکتا ہے اور نہ رخ موڑسکتا ہے، بھارت کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر ہم نے بھرپورجواب دیا اور سندھ طاس معاہدے کے معاملے پر ہم نے جواباً بھارتی ایئرلائنز کے لیے حدود بند کی، بھارت اب دنیا میں تنہائی کا شکار ہے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ میں بھارت کو بھرپورجواب دینے کا فیصلہ ہوا، فضائیہ کے بہادر پائلٹس نے بھارت کے 6 طیارے مار گرائے جن میں سے 4 رافیل طیارے تھے، بھارت نے جان بوجھ کر اپنے 2 میزائل سکھ آبادی میں گرائے، تاہم بھارتی بیانیے کو عالمی سطح پر پذیرائی نہیں ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ صبح سوا 8 بجے امریکی وزیرخارجہ نے فون پر کہا کہ بھارت جنگ بندی چاہتا ہے، جنگ شروع بھی بھارت نے کی تھی اور ختم بھی ان ہی کی درخواست پر ہوئی، پاک بھارت ملٹری ٹو ملٹری سیز فائر ٹھیک چل رہا ہے مگر بھارت کی سیاسی قیادت سے ہضم نہیں ہورہا، دونوں ملکوں کی فوجیں بھی پوزیشن بدل چکی ہیں، ہمارا میزائل پروگرام پاکستان کی ڈھال ہے۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کابل جاکر چائے پینے اور دہشت گردوں کے لیے سرحد کھولنے سے نقصان ہوا۔

Deputy PM Ishaq DarIndiaIndian Politicial LeadershipKualalampurSeize Firespeech