کراچی: سندھ میں ڈینگی وائرس بالآخر قابو میں آگیا، موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ڈینگی وائرس کے کیسز میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں ڈینگی وائرس کے 8 کیسز رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی میں 5 اور حیدرآباد میں 3 کیسز رپورٹ ہوئے۔ رواں ماہ اب تک 63 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے 41 کیسز کا تعلق کراچی سے بتایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ موسم گرما کے بعد اور سردیوں سے قبل مون سون سیزن میں ڈینگی مچھر کی پیداوار ہوتی ہے جس کے باعث وائرس پھیل جاتا ہے۔ رواں سال ڈینگی وائرس سے سندھ میں دو درجن سے زائد شہریوں کی اموات ہوئیں جب کہ ملک کے دیگر بڑے شہروں میں ڈینگی کے حوالے سے ہیلتھ ایمرجنسی بھی نافذ کی گئی۔