کراچی/ اسلام آباد/ لاہور/ پشاور: پاکستان بھر میں ڈینگی وائرس کے وار میں شدت دیکھنے میں آرہی ہے۔
بڑے شہروں کراچی، پشاور، اسلام آباد اور لاہور میں ڈینگی کے کیسز تیزی کے ساتھ سامنے آرہے ہیں۔
پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے سب سے زیادہ 126 کیسز پشاور میں رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت کے مطابق راولپنڈی میں بھی ڈینگی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 95 افراد ڈینگی وائرس کا شکارہوئے، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 1576 تک پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ پوٹھوہارٹاؤن، راولپنڈی کینٹ، ڈھوک کالا خان، اڈیالہ، دھاماں سیداں، چک جلال الدین ڈینگی سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔
دوسری جانب مردان میں مزید 66 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے جب کہ اسلام آباد میں 105 اور لاہور میں 100 افراد ڈینگی وائرس میں مبتلا ہیں۔
وفاقی وزارت صحت نے حکومت سے بھارت سے مچھردانیاں خریدنے کی اجازت طلب کرلی۔
نیشنل ملیریا کنٹرول پروگرام کے مطابق پاکستان کے 26 اضلاع میں ملیریا نے تباہی پھیلا رکھی ہے اور ان 26 اضلاع میں فوری طور پر 71 لاکھ مچھردانیوں کی ضرورت ہے۔