وزیر دفاع پرویز خٹک کا شہباز شریف کو مناظرے کا چیلنج

اسلام آباد: وزیر دفاع پرویز خٹک نے قائد حزب اختلاف کو مناظرے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اپنے کاموں کی فہرست لے آئیں، مسلم لیگ ن کی کارکردگی بہتر ہوتی تو عوام پنجاب میں مسترد نہ کرتے، اپوزیشن مہنگائی مہنگائی کرکے صرف ڈرامہ کررہی ہے، ان کی اور ہماری کارکردگی میں زمین آسمان کا فرق ہے۔
وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے قومی اسملی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنبھالی تو ملک مشکلات کا شکار تھا، وزیراعظم عمران خان نے ملک کو مشکلات سے نکالا، الزامات لگانے والے اپنے گریبان میں جھانکتے نہیں، آئی ٹی کی بدولت ساری دنیا ترقی کررہی ہے، ماضی کی حکومتوں نےآئی ٹی پرتوجہ نہیں دی، ملک تعمیراتی کاموں سے ترقی کرتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ امریکا، یورپ سمیت پوری دنیا میں مہنگائی ہے، اپوزیشن کا ڈرامہ اب نہیں چلے گا، اپوزیشن والے اتنا جھوٹ بولتے ہیں کہ سچ لگتا ہے، وزیراعظم کے درست فیصلوں سے معیشت کو نقصان نہیں پہنچا، موجودہ حکومت نے کسان کو بغیر سود قرض کی سہولت دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک نوکریاں دینے سے نہیں چلتا، ہر کوئی سرکاری نوکری حاصل کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کارکردگی کی وجہ سے دو تہائی اکثریت ملی، 38 سال میں کسی کنٹریکٹ میں حصہ نہیں لیا، چاہتا تو اربوں کما سکتا تھا۔

پرویز خٹکقائد حزب اختلافمناظرے کا چیلنجمیاں شہباز شریفوفاقی وزیر دفاع