پاکستان دیوالیہ ہوچکا، ہم دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں، خواجہ آصف

سیالکوٹ: ملک کے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان دیوالیہ ہوچکا اور ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں نجی کالج میں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل دہشت گردوں کو اپنی سرزمین پر لاکر بسایا گیا، کس نے ایسے کھیل کھیلے کہ دہشت گردی ہمارا مقدر بن گئی، کل ساری رات سیکیورٹی کے لوگ مقابلہ کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ جس نے آواز اٹھائی اسے جلاوطن کردیا گیا اور جو باتیں پروگرامز میں کی جاتی ہیں، ان کا حقیقت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جو ہمارے ملک کے حالات ہیں، ہم ایک دیوالیہ ملک کے رہنے والے ہیں، آپ نے سنا ہوگا ڈیفالٹ ہورہا ہے یا دیوالیہ ہورہا ہے، وہ ہوچکا ہے، تمام مسائل کا حل ملک میں ہے، آئی ایم ایف کے پاس نہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ میں نے زیادہ وقت اپوزیشن میں گزارا اور گزشتہ 32 سال میں سیاست کو رسوا ہوتے دیکھا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہمارے صحن میں دہشت گردی ہم خود لے کر آئے ہیں، دو سال پہلے انہیں دوبارہ پاکستان کی سرزمین پر لاکر بسایا گیا کہ یہ امن پسند لوگ ہیں، پاکستان کے قانون اور آئین کے مطابق زندگی گزاریں گے۔

Defense Ministerkhawaja asifPakistan Defaultspeech