نیویارک: وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا۔
محسن نقوی کا میچ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لگتا تھا کرکٹ ٹیم کا چھوٹی سرجری سے کام چل جائے گا، لیکن بھارت کے خلاف انتہائی خراب کارکردگی کے بعد یقین ہوگیا کہ ٹیم میں بڑی سرجری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ اس وقت اپنی سب سے کم درجہ کی پرفارمنس پر ہے۔ ہمارا سب سے بڑا چیلنج ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
محسن نقوی نے عندیہ دیا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں جلد بڑی سرجری ہوتے ہوئے دیکھے گی، ہم نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم تیار کرنی ہے اور وقت آگیا کہ باہر بیٹھے نئے ٹیلنٹ کو بھی موقع دیا جائے۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دنیا کی ایک بہترین ٹیم بنانا ہے، مجھے اچھی طرح معلوم ہے کہ ٹیم میں کیا چل رہا تھا اور ہارنے کی وجوہ کیا ہیں۔
پی سی بی سربراہ کے مطابق قوم کرکٹ ٹیم سے ایسی مایوس کن کارکردگی کی توقع نہیں رکھتی، ہمیں بہتر کارکردگی دکھانی ہے۔