کراچی: انٹر بورڈ کے فرسٹ ایئر 2023 کے امتحانی نتائج کے معاملے پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے سربراہ نے رپورٹ نگراں وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کردی۔
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی جانب سے جمع کردہ رپورٹ کی روشنی میں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے انچارج آئی ٹی سیکشن انٹربورڈ کو فوراً عہدے سے ہٹانے کی ہدایت کردی۔
اس کے ساتھ ہی وزیراعلیٰ سندھ نے کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دیتے ہوئے پری انجینئرنگ، پری میڈیکل اور جنرل سائنس کے طلبہ کو 15 فیصد اضافی مارکس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کمیٹی کی سفارش پر فرسٹ ایئر کے بچوں کو ریاضی میں 15، فزکس اور شماریات میں 12 نمبر دیے جائیں گے جب کہ کیمسٹری میں 12، باٹنی اور زولوجی میں 6 نمبر اضافی دیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے کمیٹی کی سفارش پر تعلیمی سال کے آغاز سے پہلے پیپرز کا پیٹرن اور مارکس کی اسکیم بنانے اور پیپرز کے جانچ مراکز کی تعداد بڑھاکر 10 کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق پیپر پیٹرن اور مارکنگ اسکیم کم از کم 3 سال تک نافذ العمل رہے گی۔