اسلام آباد/ کراچی: ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے مافیا کے گھروں پر حساس اداروں نے اب ایف آئی اے کی مدد سے چھاپے مارنے کی تیاری کرلی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن کا اگلا مرحلہ شروع کیا جارہا ہے، جس میں ذخیرہ کردہ ڈالرز کی برآمدگی کے لیے ایف آئی اے اور حساس ادارے گھروں پر چھاپے ماریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایکسچینج کمپنیز سے حاصل ڈیٹا کی مدد سے ملک بھر میں گھروں کی نشان دہی کرلی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ حساس اداروں کو کریک ڈاؤن کے بعد اداروں کے پاس مافیاز کے گھروں میں ڈالر ذخیرہ کرنے کی مستند اطلاعات ملی ہیں، حساس اداروں نے غیر معمولی تعداد میں ڈالر لینے والوں کی فہرست بھی حاصل کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے اور حساس ادارے گھروں پر ٹارگٹڈ چھاپہ مار کارروائی کریں گے، جس کے بعد گھروں میں ڈالر چھپانے والوں کو گرفتاری اور جیل میں قید کی سزائیں ملیں گی۔
خیال رہے کہ ڈالر مافیا کے خلاف جاری کریک ڈاؤن سے اب تک ڈالر 31 روپے سستا ہوچکا ہے، یکم ستمبر کو ڈالر 328 روپے کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا جب کہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں بڑی کمی آئی ہے جس سے ڈالر 300 روپے سے نیچے آگیا ہے۔