مُردہ امیدوار سب سے زیادہ ووٹ لے کر الیکشن جیت گیا

نئی دہلی: دنیا کے بیشتر ممالک میں جمہوری نظام کے تحت عوام ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہیں، تاہم بھارت میں ہونے والے ایک حالیہ الیکشن نے سب کو حیران کردیا، جہاں ایک مردہ امیدوار سب سے زیادہ ووٹ لے کر انتخاب جیت گیا۔
یہ دلچسپ اور غیر معمولی واقعہ بھارتی ریاست تلنگانہ میں پنچایت کے انتخابات کے دوران پیش آیا۔ انتخابی نتائج سامنے آنے پر معلوم ہوا کہ پولنگ سے پانچ روز قبل انتقال کر جانے والا امیدوار مرلی سب سے زیادہ ووٹ لے کر کامیاب ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 53 سالہ امیدوار مرلی پولنگ سے چند روز قبل دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کرگیا تھا۔ مرلی کی موت کے باوجود اس کا نام بیلٹ پیپر سے خارج نہیں کیا جاسکا اور مقررہ شیڈول کے مطابق پولنگ کا عمل جاری رہا۔
گزشتہ روز پولنگ مکمل ہونے کے بعد جب ووٹوں کی گنتی کی گئی تو سب سے زیادہ ووٹ مرنے والے امیدوار مُرلی کے نام نکلے، جس پر انتخابی عملے اور مقامی حکام بھی حیرت میں مبتلا ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق اس غیر متوقع صورت حال پر ریٹرننگ آفیسر نے نتائج کو عارضی طور پر روک دیا اور معاملے پر رہنمائی کے لیے اعلیٰ حکام سے رجوع کرلیا۔ حکام کی جانب سے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ متوقع ہے۔

Deceased candidate won the electionGetting Highest VotesIndiaPanchayat Election