اسلام آباد: وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان بجٹ کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار ہے جب کہ پی پی کی جانب سے مطالبات کی منظوری تک غیر مشروط حمایت سے معذرت کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات نتیجہ خیز نہیں رہی، جس پر پیپلزپارٹی نے مطالبات منظوری تک بجٹ کی غیر مشروط حمایت سے معذرت کرلی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے حکومت کو بجٹ اجلاس میں شرکت اور بجٹ پر ووٹ کی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔ پیپلزپارٹی مطالبات کے حوالے سے سابقہ پوزیشن پر موجود ہے۔ حکومت نے پیپلزپارٹی کو مطالبات منظوری کے حوالے سے کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی۔
دریں اثنا ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کا بجٹ اجلاس میں علامتی شرکت کا فیصلہ برقرار ہے۔ پارٹی نے آج کے بجٹ اجلاس کے لیے 4 ایم این ایز کو نامزد کیا ہے۔ شازیہ مری، نفیسہ شاہ، مرزا اختیار بیگ اور شگفتہ جمانی بجٹ اجلاس میں شریک ہوں گے۔
دوسری جانب حکومت اور پیپلز پارٹی کی مذاکراتی بیٹھک آج پھر وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی۔ پنجاب کے پاور شیئرنگ کے معاملے پر ملاقات جاری ہے۔ پیپلز پارٹی کی کمیٹی میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف شامل ہیں۔ پنجاب سے ندیم افضل چن اور علی حیدر گیلانی پیپلز پارٹی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
حکومتی کمیٹی میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، رانا ثناء اللہ، خواجہ آصف ہوں گے۔ کمیٹی میں پنجاب حکومت کی نمائندگی رانا ثناء اللہ اور خواجہ سعد رفیق کررہے ہیں۔