کوئٹہ: بلوچستان میں سی ٹی ڈی نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 14 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جب کہ ایک آپریشن میں 3 اہلکار زخمی ہوئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے درخشاں میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر مبنی ایک اہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے جب کہ سی ٹی ڈی کے 3 اہلکار زخمی ہو گئے۔
ترجمان کے مطابق یہ کارروائی قابل اعتماد خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شروع کی گئی تھی، جن میں علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی اور ممکنہ تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی نشاندہی کی گئی تھی۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں جوابی کارروائی کی گئی اور شدید جھڑپ کے نتیجے میں 8 دہشت گرد موقع پر ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم فتنۃ الخوارج سے تھا اور وہ صوبے میں مختلف نوعیت کے حملوں، سرکاری تنصیبات اور شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولا بارود اور دیگر تخریبی مواد برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ مقابلے میں سی ٹی ڈی کے 3 اہلکار زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری اسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی۔ خوش قسمتی سے زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔
یہ کامیاب آپریشن بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری موثر کارروائیوں کا تسلسل ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فتنۃ الخوارج اور دیگر دہشت گرد عناصر کے خلاف یہ آپریشنز دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گے۔ صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے عوام سے پُرامن ماحول برقرار رکھنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔
بلوچستان کے ضلع بارکھان میں بھی محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر ایک اہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 6 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں کارروائی کی گئی، جس میں خوش قسمتی سے سیکیورٹی فورسز کے تمام اہلکار محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے وافر اسلحہ، گولا بارود اور دیگر تخریبی سامان برآمد کیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ دہشت گرد بلوچستان میں مختلف تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے اور ان کا تعلق دہشت گرد تنظیموں سے تھا۔