اسلام آباد: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ پر فرد جرم عائد کیے جانے کی کارروائی مؤخر کر دی گئی۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں نوری آباد پاور پلانٹ کیس کی سماعت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے وزیر اعلیٰ سندھ پر فرد جرم عائد کیے جانے کی کارروائی مؤخر کرتے ہوئے ملزمان پر فرد جرم کے لیے 28 جولائی کی تاریخ مقرر کر دی۔
جج اصغر علی نے کہا کہ 28 جولائی کو تمام ملزمان پیش ہو جائیں پھر فرد جرم عائد کر دیں گے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی اکاوَنٹس اسیکنڈل اورنوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی تھی۔
عدالت نے نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس میں فرد جرم کیلئے 30 جون کی تاریخ مقرر کی۔ مراد علی شاہ گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش نہیں ہوئے تھے۔
احتساب عدالت نے محمد علی کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے دائمی وارنٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ جج اصغرعلی حکم دیا کہ محمد علی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سمیت شناختی کارڈ بلاک کیا جائے۔
آئندہ سماعت پر تمام ملزمان عدالت پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے احتساب عدالت اسلام آباد نے کیس کی سماعت 30 جون تک ملتوی کر دی تھی۔
واضح رہے کہ نیب نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا۔ نیب ریفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف توانائی منصوبوں پر خلاف ضابطہ فنڈز جاری کرنے اور سندھ میں توانائی منصوبوں میں اختیارات کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا گیا ہے۔