لاہور: آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی جانب سے پاکستان کا دورہ ختم کرنے کو دہرا معیار قرار دے دیا۔
پاکستانی نژاد آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر عثمان خواجہ نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کے دورے منسوخ کرنے کے فیصلے کو دہرا معیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے مقابلے میں بھارت میں حالات جیسے بھی ہوں مگر وہاں کرکٹ کھیلنے کو سب تیار ہوتے ہیں، اگر بھارت میں یہ صورت حال ہوتی تو پھر کوئی بھی ایسا نہ کرتا، اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ پیسہ بولتا ہے اور میرے خیال میں یہی اس کی سب سے بڑی وجہ ہے۔
آسٹریلوی اوپنر نے پاکستان میں کرکٹ سیریز کھیلنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ثابت کیا کہ وہ ہر لحاظ سے محفوظ جگہ ہے، وہاں سیکیورٹی کے سخت اور مثالی انتظامات کیے جاتے ہیں، میں نے سب سے یہ سنا ہے کہ لوگ وہاں محفوظ ہیں، میرے نزدیک پاکستان کے ٹورز کو ختم نہیں کرنا چاہیے۔