ملتان: نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کورونا کے باعث انتقال کرگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ملتان کی نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا گزشتہ ماہ کورونا وبا کا شکار ہوئے تھے اور ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
طبی حکام کا کہنا ہے کہ 3 روز قبل ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کو دوران علاج ہی سانس لینے میں شدید تکلیف ہوئی، جس پر انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔ اس دوران ان کے پھیپھڑوں سے خون بہنا شروع ہوا اور بدھ کی علی الصبح خالقِ حقیقی سے جاملے۔
وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ڈاکٹر مصطفی کمال کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں صف اول کے سپاہی تھے، حکومت مصطفی کمال پاشا کی کورونا کے خلاف جنگ میں نمایاں خدمات کو سراہتی ہے، اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند کرے اور اُن کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔